کرپٹو پئیر رخ پریڈکشن
معروف انڈیکیٹرز کی روشنی میں کرپٹو پئیرز کے مستقبل کے رخ کو معلوم کرنے کی کوشش
تفصیل
ہم میں سے اکثر لوگوں نے “آر ایس آئی” کا نام سنا ہوگا اور اس انڈیکیٹر کو استعمال بھی کیا ہوگا۔ ٹیکنیکل اینالائسس میں یہ دنیا کے معروف ترین انڈیکیٹرز میں سے ایک ہے۔ اس کا ایک بہت اہم استعمال “اوور سولڈ” اور “اوور باؤٹ” کی شکل میں ہوتا ہے جہاں اوور سولڈ کو خریداری اور اوور باؤٹ کو بیچنے کا موقع سمجھا جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ جو چیز اوور سولڈ پر خریدی ہے وہی اوور باؤٹ پر بیچی جائے، بلکہ اوور باؤٹ مطلقاً بیچنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
جب ہم آر ایس آئی کو چارٹ پر دیکھتے ہیں تو ہمیں اکثر نظر آتا ہے کہ یہ جب اوور سولڈ ہوتا ہے، یعنی قیمت اس لیول سے نیچے جاتی ہے جہاں ہم اسے اوور سولڈ سمجھتے ہیں (جو اسٹاک مارکیٹ میں عموماً 30 یا 35 ہوتا ہے) تو قیمت مڑ کر واپس اسی اوور سولڈ کے لیول تک آتی ہے۔ یہ کہنے میں تو آسان ہے لیکن عملاً اس چیز کا اندازہ وقت سے پہلے لگانا انتہائی مشکل ہے کہ اوور سولڈ پرائس کیا ہے، قیمت اوور سولڈ سے کتنا نیچے جائے گی اور ہم نے کہاں خریداری کرنی ہے؟ نیز قیمت کو مڑ کر کہاں تک آنا چاہیے جہاں ہم اپنے ایسٹس فروخت کر سکتے ہیں؟ یہی معاملہ اوور باؤٹ کا بھی ہوتا ہے کہ کہاں بیچنا ہے اور دوبارہ کہاں خریدنا ہے؟
زیر نظر فنکشن میں ہم نے اسی پیچیدہ مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہاں ہم نے کرپٹو مارکیٹ کی وولیٹلٹی کے حساب سے اوور سولڈ کا لیول 20 اور اوور باؤٹ کا لیول 80 رکھا ہے۔ فنکشن سب سے پہلے یہ اندازہ لگاتا ہے کہ یہ لیولز کس پرائس پر آئیں گے؟ پھر ماضی کا ڈیٹا دیکھ کر یہ تجزیہ کرتا ہے کہ قیمت اس لیول سے کتنا نیچے (اوور سولڈ کی صورت میں) یا اوپر (اوور باؤٹ کی صورت میں) جا سکتی ہے؟ اس کے بعد وہاں سے ماضی کے ڈیٹا کے مطابق تجزیہ کرتا ہے کہ قیمت کو واپس کہاں آنا چاہیے؟ یہ تمام تجزیے کر کے فنکشن موجودہ پرائس اور متوقع پرائس کے مطابق قیمتیں ذکر کرتا ہے۔
آر ایس آئی کا استعمال عموماً سات یا چودہ کینڈلز کے حساب سے ہوتا ہے۔ ہم نے اس فنکشن میں سات کینڈلز کو اختیار کیا ہے۔ فنکشن ایک مزید اہم کام یہ کرتا ہے کہ یہ ہر متوقع قیمت کے آس پاس مضبوط سپورٹ یا ریزسٹنس بھی تلاش کرتا ہے۔ ان کی مضبوطی اس لحاظ سے جانچی جاتی ہے کہ سب سے پہلے بڑے ٹائم فریم کی سپورٹ لی جاتی ہے، پھر درمیانے اور پھر چھوٹے۔ یعنی ایک گھنٹے کی کینڈل میں اگر ایک دن کی مضبوط سپورٹ ملے تو اسے ترجیح دی جاتی ہے۔ پھر ہر سپورٹ میں کوشش کی جاتی ہے ایسا پوائنٹ ملے جہاں قیمت تین یا زیادہ بار پہنچی ہو۔ یہی کام ریزسٹنس میں بھی کیا جاتا ہے۔
ٹیبل کی سطروں اور کوائن کی لائیو پرائس کو رنگ دیے گئے ہیں۔ جس قدر اوور سولڈ کے قریب ہو اس قدر ہلکا سبز رنگ ہے اور جس قدر اوور باؤٹ کے قریب ہو اس قدر ہلکا سرخ رنگ ہے۔ یہ کام اس لیے کیا گیا ہے کہ پہلی نظر میں کوائن کی حالت کا اندازہ ہو سکے۔لائیو پرائس ہر منٹ میں تبدیل ہوتی ہے۔ ہر کوائن کے نیچے ماضی کی رپورٹ موجود ہے تاکہ دیکھا جا سکے کہ اس کوائن پر ماضی میں اس اسٹریٹجی کا کیا اثر رہا۔ کوائنز آہستہ آہستہ شامل کیے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ فنکشن کی اسٹیبلٹی چیک کی جا سکے۔ فی الحال صرف بائنانس کے کوائنز شامل کرنے کا ارادہ ہے۔
یہ اسٹریٹجی ہمارے تجربے کے مطابق ڈیلی ٹائم فریم پر اچھے کوائینز میں تقریباً فیل پروف ہے۔ پھر بھی مستقبل میں اس میں بولنجر بینڈز شامل کر کے اسے مزید مضبوط کرنے کا ارادہ ہے۔ البتہ چونکہ یہ تمام ڈیٹا خود کار طور پر لیا جاتا ہے اور تجزیہ کیا جاتا ہے لہذا اس میں غلطی ہونا بالکل ممکن ہے۔ لہذا اپنی ٹریڈ اپنی ریسرچ کے مطابق کیجیے۔ بوٹ سلیش نہ کوئی فنانشل ایڈوائس دیتا ہے اور نہ ہی رسک کی ذمہ داری لیتا ہے۔
اویس پراچہ
بوٹ سلیش ٹیم